ٹوکیو،9؍ستمبر(ایس او نیو؍آئی این ایس انڈیا)جاپان نے کہاہے کہ اُس کے ایف پندرہ لڑاکا جیٹ طیاروں نے امریکی بی وَن بمبار جنگی ہوائی جہازوں کے ساتھ بحیرہ جنوبی چین میں خصوصی جنگی مشقوں میں حصہ لیا ہے۔ ان مشقوں کی وجہ امکاناً شمالی کوریا کی جانب سے مزید میزائل تجربات ہو سکتے ہیں۔ ان مشقوں میں امریکا اور جاپان کی فضائیہ کے دو دو لڑاکا طیاروں نے حصہ لیا۔ امریکی بی وَن بمبار طیارے بحر الکاہل میں واقع امریکی جزیرے گوام سے مشقوں میں شریک ہوئے تھے۔ تقریباً نو روز قبل، اکتیس اگست کو بھی امریکی و جاپانی لڑاکا طیاروں نے جنگی مشقوں میں حصہ لیا تھا۔ خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ شمالی کوریا اپنے قیام کی سالگرہ کے روز بیلسٹک میزائل کا نیا تجربہ کر سکتا ہے۔